ٹمکورو،27؍ستمبر(ایس او نیوز)عوام کی صحت کے بارے میں ہر ممکن اقدامات کرنے حکومت تیارہے۔ریاست بھرمیں بہتر طبی خدمات فراہم کرنے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پرائمری ہیلتھ سنٹرس تعمیری کرنے کیلئے اولین ترجیح دی جارہی ہے۔یہ بات وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے کہی۔انہوں نے یہاں ضلع انتظامیہ،محکمہ صحت وخاندانی بہبود،راشٹریہ آروگیہ ابھیان،ڈسٹرکٹ ہاسپٹل اور بنگلور قدوائی میموریل کینسر اسپتال کے مشترکہ زیر اہتمام ضلع اسپتال کے احاطے میں گذشتہ روز کینسر اسپتال اورماں بچہ اسپتال کی نئی عمارت کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ تعلیمی،ثقافتی،صنعتی وتجارتی شعبے میں بنگلور شہر کے متبادل کے طور پر بڑی ہی تیزی کے ساتھ ٹمکور شہر ترقی کرتاجارہاہے اور ٹمکور میں زیادہ سے زیادہ طبی سہولتیں فراہم کرکے یہاں مزید بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ٹمکور ضلع کی ترقی سے بنگلور شہر پر پڑنے والا دباؤ کم ہوگا،اس بات کا اعتراف ماہرین نے بھی کیاہے۔بنگلور کے بعد ٹمکور میں کینسر اسپتال تعمیر کیاجارہاہے۔سوبستروں کی استطاعت والے کینسر اسپتال کو ٹمکور میں قائم کیاجارہاہے جو نہایت خوشی کی بات ہے۔اس کینسر اسپتال کی تعمیر سے صرف ٹمکور ہی نہیں بلکہ ریاست کے جنوبی حصے میں موجود اضلاع کے کینسر کے مریضوں کو سہولت ہوگی۔بسوراج بومئی نے بتایاکہ ماں بچہ کی صحت کی برقراری کیلئے زچہ بچہ اموات کی تعداد میں کمی لانے کے مقصد سے حکومت نے ان اسپتالوں کے قیام کا فیصلہ کیاہے۔زچہ اور بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،جس کے تحت ٹمکور میں ماں بچہ اسپتال کی تعمیر کیلئے آج سنگ بنیاد رکھاگیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ کی تیسری لہر میں ریاست بھر میں بچوں کی صحت کا معائنہ کیاجارہاہے،اس دوران بچوں میں پائی جارہی تغذیہ کی کمی کا شکار بچوں کو مقوی غذافراہم کرنے اور انہیں خصوصی توجہ کے ساتھ دیکھ بھال کرنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹمکور ضلع اسپتال میں دس بیڈس پر مشتمل اسپتال ان بچوں کیلئے تعمیر کیاگیاہے۔ صدارت مقامی رکن اسمبلی جے بی جیوتی گنیش نے کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر بر ائے صحت وخاندانی بہبود ڈاکٹر کے سدھاکر،ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم بی سی ناگیش،رکن پارلیمان جی ایس بسوراج،رکن قانون ساز کونسل چدانند ایم گوڈا،رکن اسمبلی راجیش گوڈا،میئر بی جی کرشنپا،آئی جی پی چندرشیکھر،ڈپٹی کمشنر وائی ایس پاٹل،ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر کے ودیاکماری کے علاوہ دیگر منتخب نمائندے اور سرکاری آفیسر موجود تھے۔